سکولوں میں آٹھویں جماعت کے امتحانات آج سے شروع
پہلی سے پانچویں تک کے امتحانات عید سے قبل مکمل کر لیے جائیں گے
لاہور(خبر نگار)صوبہ پنجاب کے سرکاری سکولوں میں آٹھویں جماعت کے سالانہ امتحانات چھ سال بعد دوبارہ بورڈ کے تحت آج سے شروع ہو رہے ہیں۔ امتحانات میں صوبہ بھر سے تقریباً دس لاکھ طلبہ و طالبات شرکت کریں گے ۔سالانہ امتحانات کا آغاز 9 مارچ سے ہوگا۔ امتحانی شیڈول کے تحت پہلی سے پانچویں جماعت تک کے امتحانات عیدالفطر سے قبل مکمل کر لیے جائیں گے ۔ پہلی اور دوسری جماعت کا آخری پرچہ 17 مارچ کو اردو کا لیا جائے گا جبکہ پانچویں جماعت کا آخری پیپر 18 مارچ کو حساب اور ناظرہ قرآن کا ہوگا۔مڈل جماعتوں کے بعض امتحانات عید کے بعد لیے جائیں گے ۔ مڈل کلاسز کے 24 اور 25 مارچ کو ترجمۃ القرآن، اردو اور انگلش ریڈنگ کے پرچے ہوں گے ۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ امتحانات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اور امتحانی عمل کو شفاف بنانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔