مناواں ہسپتال : مریض کے بیڈ سے زائدالمیعاد انجکشن برآمد
دورے کے دوران انجکشن ملنے پر وزیر صحت برہم ، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی ہدایت
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال مناواں کا اچانک دورہ کیا۔ مریض کے بیڈ سے زائد المیعاد انجکشن ملنے سے صوبائی وزیر برہم ہوگئے ۔ خواجہ عمران نذیر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا - اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ،ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل، سی ای او ہیلتھ اور ہسپتال انتظامیہ موقع پر موجود تھے -صوبائی وزیرنے ہسپتال کے ویسٹ ڈسپوزل کے ناقص انتظامات پرناراضی کا اظہار کیا - انہو ں نے ہسپتال کی فارمیسی کا خصوصی جائزہ لیا اورزائد المیعاد انجکشن کی موجودگی پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ۔ انہو ں نے کہاکہ ہسپتالوں میں مریضوں کو صحت کی سہولیات اور معیاری ادویات ملنی چاہئیں نہ کہ ایکسپائری انجکشن۔صوبائی وزیر نے ہسپتال انتظامیہ سے استفسار کیا کہ کیا آپ اپنے خاندان کے کسی فرد کو ایسا انجکشن لگوائیں گے ؟،خواجہ عمران نذیر نے لوئر سٹاف سے تنخواہوں کی بابت بھی دریافت کیا اور5 ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کی شکایت پر انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آپ لوگوں میں بالکل بھی خدا کا خوف نہیں؟۔