ورکرز ویلفیئر فنڈ کی غفلت،میرج گرانٹس جاری نہ ہو سکیں

ورکرز ویلفیئر فنڈ کی غفلت،میرج گرانٹس جاری نہ ہو سکیں

دو ہزار کیسز التوا کا شکار، عید سے قبل میرج گرانٹس دی جائیں :لیبر فیڈریشن

لاہور(عاطف پرویز سے )ورکرز ویلفیئر فنڈ پنجاب کی غفلت اور انتظامی تاخیر پر مزدوروں کے خاندان شدید مشکلات کا شکار ہونے لگے ۔ کئی برس گزرنے کے باوجود ورکرز کے بچوں کی شادی کیلئے دی جانیوالی میرج گرانٹس جاری نہ ہو سکیں جبکہ منظوری کے باوجود دو ہزار سے زائد کیسز تاحال التوا کا شکار ہیں۔متاثرہ ورکرز کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے میں بینک اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کے درمیان چکر لگانے پر مجبور ہیں۔ متعلقہ ادارے مسئلہ فوری حل کرائیں۔ متحدہ لیبر فیڈریشن کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کئی سال قبل منظور ہونیوالے کیسز کے باوجود میرج گرانٹس جاری نہیں کی جا رہیں جس سے مزدور طبقہ پریشان ہے ۔ جنرل سیکرٹری متحدہ لیبر فیڈریشن حنیف رامے نے مطالبہ کیا ہے کہ مزدوروں کو فوری ریلیف فراہمی کیلئے عید سے قبل تمام زیر التوا میرج گرانٹس جاری کی جائیں جبکہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے حکام کا مؤقف ہے کہ میرج گرانٹس کی ادائیگی میں تاخیر بینکنگ معاملات پرہوئی۔ پنجاب بینک کیساتھ کچھ تکنیکی امور طے کیے جا رہے ہیں ، جیسے ہی معاملات حل ہونگے ، زیر التوا گرانٹس جلد جاری کر دی جائینگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں