کراچی،کوئٹہ ودیگرشہروں کیلئے ٹرینیں سو فیصد بک
عید سپیشل ٹرینیں بھی 90فیصد بک ،پردیسیوں کو ٹکٹوں کے حصول میں مشکلات
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے )عیدالفطر میں چند روز باقی،لاہور ریلوے سٹیشن اور ریزرویشن دفاتر میں رش بڑھ گیا، کراچی اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں سے آنے اورجانے والی تمام ٹرینوں کی سو فیصد بکنگ مکمل۔عیدکی خوشیاں اپنوں کیساتھ منانے کیلئے پردیسی اپنے آبائی علاقوں میں جانے کیلئے بیتاب ہیں تاہم ریلوے انتظامیہ کی جانب سے چلائی جانے والی 4 عید سپیشل ٹرینیں بھی 90 فیصد سے زائد بک ہونے پر پردیسیوں کو ٹکٹوں کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ ریلوے کی جانب سے پہلی عید سپیشل ٹرین گزشتہ روز شام 7 بجکر 30 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوئی جو 17 مارچ کو دوپہر 3:45 بجے کراچی کینٹ سٹیشن پہنچے گی۔دوسری عید سپیشل ٹرین 17 مارچ کو صبح 10 بجے کوئٹہ سے روانہ ہو کر 18 مارچ کو شام 4:30 بجے راولپنڈی پہنچے گی۔تیسری عید سپیشل ٹرین 17 مارچ کو شام 7 بجے کراچی سٹی سٹیشن سے روانہ ہو کر 19 مارچ کو صبح 5 بجے پشاور کینٹ سٹیشن پہنچے گی۔چوتھی عید سپیشل ٹرین 18 مارچ کو شام 7:30 بجے کراچی کینٹ سٹیشن سے روانہ ہو کر 19 مارچ کو شام 5:30 بجے لاہور پہنچے گی۔ عید سپیشل ٹرینیں چلانے کے باوجود بڑی تعداد میں پردیسی بکنگ نہ ہونے سے پریشان ہیں۔ لاہور ریلوے سٹیشن پر مسافروں کا رش بڑھ گیا ہے ،مسافروں نے ٹرینوں میں سہولیات کے فقدان کا بھی شکوہ کیا، مسافروں نے ریلوے انتظامیہ سے مزید عید سپیشل ٹرینیں چلانے کا مطالبہ کیاہے ۔