فوڈ اتھارٹی سے رجسٹریشن کیلئے پی آر اے رجسٹریشن لازم
بھاری سیلز کے باوجود ریکارڈ میں خوردبرد کرنیوالوں کا ڈیٹا مرتب کرنیکی ہدایت
لاہور (خبرنگار)وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ٹیکس اصلاحات کا جامع نظام عملی نفاذ کی جانب گامزن، چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی زیر صدارت اجلاس میں غیر رجسٹرڈ سروسز سیکٹر کیخلاف مہم میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ فوڈ سیکٹر میں پنجاب فوڈ اتھارٹی سے رجسٹریشن کیلئے پی آر اے رجسٹریشن لازم قرار دی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں سرکاری و نیم سرکاری اداروں سے ٹیکس وصولی اور دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔چیئرمین پی آر اے کا کہنا تھا کہ صارفین سے ٹیکس کٹوتی اور بھاری سیلز کے باوجود ریکارڈ میں خوردبرد کرنیوالوں کا ڈیٹا جلد مرتب کیا جائے ۔ لیگل فریم ورک میں بہتری اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے محکمانہ میکنزم کو مزید فعال بنایا جائیگا۔ معظم اقبال سپرا نے واضح کیا کہ سیلز ریکارڈ میں واضح خوردبرد اور مسلسل قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالے پوائنٹس کو سربمہر کیا جائیگا۔ اس موقع پر کمشنر انفورسمنٹ ودیگر موجود تھے۔