سیلاب سے نمٹنے کیلئے منصوبہ بندی مکمل رکھی جائے :خالد جاوید
دریاؤں کے بند مضبوط ، سیور لائنوں اور مین ہولز کی صفائی کرنے کی ہدایت
وہاڑی (خبرنگار ،نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت پری فلڈ انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات، متعلقہ محکموں کی تیاری، ہنگامی پلان اور دستیاب وسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں گزشتہ سال سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے منصوبہ بندی مکمل رکھی جائے اور اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے دریاؤں کے بند مضبوط کرنے ، سیور لائنوں اور مین ہول کی ڈسلٹنگ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے اور شہری علاقوں میں بروقت انتظامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ خدانخواستہ دوبارہ سیلابی صورتحال میں انسانی جانوں، مویشیوں اور املاک کا تحفظ اولین ترجیح ہے ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، اے سی میلسی، ڈی ڈی زراعت، سی ای او ہیلتھ، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک، ایم ڈی واسا اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اور متعلقہ شعبوں کے انتظامات پر بریفنگ دی۔