گندم خریداری مہم ، شفافیت کو یقینی بنایا جائے : حافظ شوکت

گندم خریداری مہم ، شفافیت کو یقینی بنایا جائے : حافظ شوکت

چاروں اضلاع میں رواں سال فیز ون میں 97 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدی جائیگی تمام خریداری مراکز پر شفافیت، سہولیات کی فراہمی اور بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت ڈویژنل اسٹریٹجک ریزروز مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس ان کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس میں گندم خریداری مہم 2026 کے انتظامات اور حکومتی پالیسی پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن، ڈائریکٹر زراعت، ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک، ڈی ایف سی، پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اور کاشتکاروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک مظہر حسین بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چاروں اضلاع میں رواں سال فیز ون میں 97 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدی جائے گی جبکہ محکمہ خوراک کے پاس ایک لاکھ 19 ہزار 767 میٹرک ٹن باردانہ موجود ہے ، جس میں 8425 جوٹ باردانہ اور 35 ہزار 317 پی پی بیگز شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کاشتکاروں کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اور بڑی تعداد میں کسان رجسٹر ہو چکے ہیں۔

سرگودھا ڈویژن میں گندم خریداری کے لیے 8 مراکز قائم کیے گئے ہیں جو مجموعی طور پر 69 گوداموں پر مشتمل ہیں۔حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت ساڑھے 12 ایکڑ تک کے کاشتکاروں سے ترجیحی بنیادوں پر گندم خریدی جائے گی اور انہیں فی ایکڑ کے حساب سے مفت باردانہ فراہم کیا جا رہا ہے ۔کمشنر سرگودھا نے ہدایت کی کہ تمام خریداری مراکز پر شفافیت، سہولیات کی فراہمی اور بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے فیلڈ میں مسلسل مانیٹرنگ کی جائے اور کسی بھی شکایت کا فوری ازالہ کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں