عیدالفطر پر شہری سہولتوں کی فراہمی کیلئے ایمرجنسی پلان نافذ کرنکا فیصلہ

عیدالفطر پر شہری سہولتوں کی فراہمی کیلئے ایمرجنسی پلان نافذ کرنکا فیصلہ

متعلقہ ادارے فیلڈ میں متحرک رہیں، سیوریج لائنوں کی صفائی اور ڈی سلٹنگ کا عمل فوری مکمل،نکاسی آب کے انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ،کمشنر عامرکریم کی واساحکام کو ہدایت

ملتان(وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت عید کے موقع پر شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژنل انتظامیہ اور سروسز اداروں کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عید کے ایام میں صفائی، نکاسی آب اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے مشترکہ ایمرجنسی پلان نافذ کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ عید کے دنوں میں صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو عید کے موقع پر کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونی چاہیے اور تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں متحرک رہیں۔کمشنر نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ سیوریج لائنوں کی صفائی اور ڈی سلٹنگ کا عمل فوری مکمل کیا جائے جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی کے فوری نکاس کیلئے خصوصی ٹیمیں اور مشینری الرٹ رکھی جائے ۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ شہر کے مختلف مقامات پر واسا کے کیمپ قائم کیے جائیں تاکہ ورکرز اور افسران فیلڈ میں موجود رہ کر صورتحال کی نگرانی کر سکیں۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ عید کے ایام میں تمام سروسز اداروں کا عملہ عوامی خدمت کیلئے مکمل طور پر موجود رہے ۔ انہوں نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر اربن فلڈنگ سے بچاؤ کیلئے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت بھی کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں