لیڈ ی ولنگڈن: 5 ڈاکٹرز کی پوسٹ گریجوایٹ ٹریننگ ختم
کارروائی مجرمانہ غفلت، کوتاہی اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کی گئی
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے آپریشن تھیٹر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے معاملے پر محکمہ صحت پنجاب نے سخت کارروائی کرتے ہوئے 5 ڈاکٹرز کی پوسٹ گریجوایٹ ٹریننگ فوری طور پر ختم کر دی ہے ۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق یہ کارروائی مجرمانہ غفلت، کوتاہی اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کی گئی۔ 27 اور 28 مارچ 2026 کے احکامات کے تسلسل میں پانچ پی جی آرز کے خلاف ایکشن لیا گیا۔متاثرہ ڈاکٹرز میں ڈاکٹر طیبہ فاطمہ طور، ڈاکٹر ماہم امین، ڈاکٹر زینب طاہر، ڈاکٹر عائشہ افضل اور ڈاکٹر آمنہ رشید شامل ہیں، جن کا تعلق گائنی ڈیپارٹمنٹ سے بتایا جاتا ہے ۔ کارروائی پالیسی اینڈ پروسیجر مینوئل کی شق 13.2 کے تحت عمل میں لائی گئی۔محکمہ صحت نے مزید کارروائی کے لیے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اور کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو بھی مراسلے ارسال کر دیے ہیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں ڈسپلن کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور مریضوں کو بلا تعطل علاج کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔