3کروڑ سے زائد کا 69ہزار 700کلو ناقص مربہ،فروٹس تلف

3کروڑ سے زائد کا 69ہزار 700کلو ناقص مربہ،فروٹس تلف

فوڈاتھارٹی کا ندیم پارک میں آپریشن ،پروڈکشن بند ،مقدمہ درج ، ملزم گرفتار

لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )لاہور میں فوڈ فراڈ مافیا کا گھناؤنا کاروبار پکڑا گیا ، 3کروڑ سے زائد مالیت کا 69ہزار 700کلو ناقص مربہ، گلے سڑے فروٹس تلف کر کے جعلسازی پر یونٹ کی پروڈکشن بند کر کے مقدمہ درج اور ملزم گرفتار کروا دیا گیا۔ڈی جی پنجاب فوڈاتھارٹی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اسد اللہ نے ندیم پارک میں آپریشن کیا اور بدبودار ناقابل استعمال مربہ جات کی بڑی کھیپ برآمد کر کے تلف کی گئی۔ یونٹ میں کیڑے اورفنگس زدہ پھلوں سے مربہ تیار کیا جارہا تھا، مربہ تیار کرنے والے پھلوں کی رنگت سیاہ اور کیڑے لگے ہوئے تھے ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا پھلوں سے بدبو، کیڑے اور فنگس کو صاف کرنے کیلئے ممنوعہ کیمیکلز استعمال کیا جارہا تھا،ملازمین کے میڈیکل، ضروری دستاویزات اور صفائی کے انتظامات عدم موجود پائے گئے ،مارکیٹ سے واپس شدہ ایکسپائر ناقص مال فریش تیار مال کیساتھ رکھا پایا گیا،ناقص مضر صحت مربہ جات کو دلکش پیکنگ لگا کر پنجاب بھر میں فروخت کیا جانا تھا۔ دریں اثنا پنجاب میں فوڈ کرائم کے تمام راستے بند کر دیئے گئے ، وزیر اعلٰی کے حکم پر غذائی شعبدہ بازوں اور سہولت کاروں کی نشاندہی کو لازمی قرار دیدیا گیا، بورڈ آف ریونیو نے تمام ڈپٹی کمشنرز کونمبرداروں کو اپنے علاقوں میں ملاوٹ مافیا کیخلاف متحرک رہنے کی ہدایت جاری کر دی ، علاقے میں تیار، سپلائی اور فروخت ہونے والی خوراک کے حوالے سے نمبردار تمام ضروری معلومات پنجاب فوڈ اتھارٹی کو دے گا، دیہی علاقوں میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن، ملاوٹ مافیا کے نیٹ ورک کی شناخت اور ٹریکنگ تیز کر دی گئی ۔

 دیہات میں جعلی دودھ فروشوں اور ڈیری سپلائی چین کی سخت نگرانی کی جائیگی،ویلج آفیسرز کو کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی فوری رپورٹ انتظامیہ اور فوڈ اتھارٹی کو دینے کا حکم دیا گیا ہے ، ڈی جی فوڈاتھارٹی کا کہنا ہے کہ فرائض میں غفلت برتنے والے نمبرداروں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائیگی،دیہی علاقوں میں دودھ میں ملاوٹ کیخلاف خصوصی کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے ،عوام ملاوٹ کی نشاندہی کیلئے فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن پر فوری اطلاع دیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں