بڑی جامعات میں پرو وائس چانسلرز کی اہم پوسٹیں خالی

 بڑی جامعات میں پرو وائس چانسلرز کی اہم پوسٹیں خالی

گورننس کے مسائل بڑھنے کا خدشہ، تعیناتیوں بارے ہدایات نظرانداز

لاہور(عاطف پرویز سے )پنجاب کی بڑی جامعات میں پرو وائس چانسلرز کی اہم پوسٹیں تاحال خالی ہیں، جس کے باعث انتظامی معاملات متاثر ہونے لگے ہیں۔ لاہور سمیت مختلف یونیورسٹیوں میں اس اہم عہدے پر تعیناتی نہ ہونے سے گورننس کے مسائل بڑھنے کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کی معروف جامعات میں پرو وائس چانسلر کے عہدے خالی ہونے کا معاملہ سنگین صورت اختیار کر گیا ہے ۔ لاہور کی بڑی یونیورسٹیوں میں بھی یہ اہم انتظامی پوسٹ تاحال پر نہیں کی جا سکی۔پنجاب یونیورسٹی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور، یو ای ٹی لاہور اور لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں پرو وائس چانسلرز کی عدم تعیناتی کے باعث انتظامی خلا واضح طور پر محسوس کیا جا رہا ہے ۔پرو وائس چانسلرز نہ ہونے کی وجہ سے وائس چانسلرز کے اختیارات میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے ، جبکہ انتظامی امور میں توازن برقرار رکھنا بھی ایک چیلنج بن چکا ہے ۔ذرائع کے مطابق پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے تعیناتیوں سے متعلق ہدایات بھی تاحال نظرانداز کی جا رہی ہیں، جبکہ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں