سندھ میں بدامنی،بیروزگاری نے زندگی اجیرن بنا دی، راشد سومرو
موجودہ حکومت، پارلیمنٹ کو تسلیم نہیں کرتے ، قومی مفاد میں اقدامات کی حمایت کی عالمی سفارتی سرگرمیوں میں پاکستان کا کردار نہایت اہم ہو چکا ہے ، روہڑی میں گفتگو
روہڑی، سکھر (نمائندہ دنیا، بیورو رپورٹ) جمعیت علما اسلام سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے مدرسہ صدیقیہ کٹپر محلہ روہڑی میں میڈیا سے گفتگو اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے عالمی علاقائی اور ملکی صورتحال پر تفصیلی اظہار خیال کرتے ہوئے جماعت کے مؤقف کو واضح انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم انسانیت کے خلاف کھلی جارحیت ہیں جن پر دنیا بھر میں شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے ، نہ صرف مسلم بلکہ غیر مسلم ممالک بھی اسرائیل کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں اور کئی ممالک اس کے ساتھ اپنے معاہدے ختم کر رہے ہیں جو عالمی سطح پر بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ فلسطین اور لبنان کے بعد ایران کی جانب بڑھتی کشیدگی خطرناک رخ اختیار کر رہی ہے ، جس کے اثرات پورے خطے پر مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا اس صورتحال میں امت مسلمہ کو متحد ہو کر ایک مضبوط اسلامی بلاک تشکیل دینا ہوگا جو عملی طور پر مؤثر ہو۔ انہوں نے کہا امریکا اور اسرائیل سے متعلق جاری عالمی سفارتی سرگرمیوں میں پاکستان کا کردار نہایت اہم ہو چکا ہے، پاکستان میں ہونے والے حالیہ بین الاقوامی مذاکرات اس بات کا ثبوت ہیں کہ ملک امت مسلمہ کی قیادت کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا جے یو آئی موجودہ حکومت اور پارلیمنٹ کو تسلیم نہیں کرتی، تاہم قومی مفاد کے پیش نظر امن و استحکام کے اقدامات کی حمایت کی گئی ۔ ان کا کہنا تھا سندھ میں بدامنی،منشیات،بے روزگاری اور مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔