ایئرپورٹ کے گرد و نواح میں زیرو ویسٹ یقینی بنانے کی ہدایت

 ایئرپورٹ کے گرد و نواح میں زیرو ویسٹ یقینی بنانے کی ہدایت

کھلے عام آلائشیں پھینکنے یا صدقہ کا گوشت بیچنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی زیر صدارت برڈ ہیزرڈ (Bird Hazard) کی روک تھام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس کا مقصد ڈویژن کے اضلاع میں ہوائی اڈے اور پاک فضائیہ کی ایئر بیس کو محفوظ بنانا ہے ۔کمشنر نے عیدالاضحیٰ کے ایام میں ایئرپورٹ اور ایئربیس کے گرد و نواح میں زیرو ویسٹ یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں کبوتر بازی، لیزر لائٹ کے استعمال اور جانوروں کی آلائشیں پھینکنا فلائٹ سیفٹی کے لیے شدید خطرہ ہے ، اس لیے دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کی گئی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ایئرپورٹ کے اطراف درختوں کی کانٹ چھانٹ کی جائے جبکہ فش اور پولٹری فارمز کا ڈیٹا بھی مرتب کیا جائے ۔ کمشنر نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کے گوشت اور آلائشوں کو ان حساس علاقوں میں ہرگز نہ پھینکا جائے ، اس حوالے سے عوامی آگاہی مہم تیز کی جائے اور بینرز و دیگر ذرائع سے شعور اجاگر کیا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مانیٹرنگ ٹیمیں عید کے ایام میں فعال رہیں اور کھلے عام آلائشیں پھینکنے یا صدقہ کا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر، مینجر ایئرپورٹ تسنیم اختر، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضیٰ سمیت جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں