سیلاب سے بچائو کیلئے مشقیں ، ریسکیو لائیوسٹاک، متعلقہ اداروں کی شرکت

سیلاب سے بچائو کیلئے مشقیں ، ریسکیو لائیوسٹاک، متعلقہ اداروں کی شرکت

دریائے چناب ہیڈ محمد والہ پل پر کارروائیاں،متاثرین کو ریسکیو ، ڈوبتے افراد کو بچانے کی عملی مہارت کا مظاہرہ، ایمرجنسی کنٹرول روم اور ضلعی کنٹرول روم آن بورڈ رہا

ملتان (کرائم رپورٹر )پنجاب ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کی قیادت میں دریائے چناب کے مقام ہیڈ محمد والہ پل کے قریب ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے بڑی سطح پرتیسری عملی مشقوں کا انعقاد کیا۔ان عملی مشقوں میں ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور اس کے ر ضاکاروں، لائیوسٹاک، ہائی وے پیرا فورس، سیف سٹی ملتان، میٹروپولیٹن کارپوریشن، سول ڈیفنس،سوشل ویلفیئر،محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں نے بھرپور شرکت کی۔ تمام اداروں نے اپنی پیشگی طے شدہ ذمہ داریوں کے مطابق کیمپس قائم کئے اور فرضی سیلابی حالات میں اپنی خدمات کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔مشقوں کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریوینیو) ملتان مدثر نواز تھے ان عملی مشقوں میں پاک آرمی،اور پی ڈی ایم اے کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنرملتان نے مشقوں کا معائنہ کیا اور ریسکیو 1122 سمیت تمام اداروں کی تیاریوں کو سراہا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں،ایمرجنسی آفیسر اپریشنل محمد بلال، کنٹرول روم انچارج مدثر ضیاء اور ریسکیو سیفٹی آفیسر محمد ارشد خان نے مہمان خصوصی کو ریسکیو کی تیاریوں کے بارے میں آگاہ کیا اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے فرضی مشق میں کشتیوں کے ذریعے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے ، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور فیلڈ ہسپتال منتقلی کا عملی مظاہرہ کیا۔ اس کے ساتھ تیراکی کے ذریعے متاثرین کو ریسکیو کرنے اور غوطہ خوروں نے ڈوبتے ہوئے افراد کو بچانے کی مہارتیں بھی پیش کیں ۔ تیسری پری فلڈ موک ایکسرسائز دو روز جاری رہی جس مین دن کے اوقات میں واٹر ریسکیو آپریشنز کی عملی مشقوں کے ساتھ ساتھ نائٹ واٹر ریسکیو آپریشن کی ریہرسل بھی کا میابی سے انجام دی گئی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں