بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دیا جائے :جماعت اسلامی
ٹیکس کا بوجھ صرف تنخواہ دار طبقے پر نہیں ڈالنا چاہیے :محبوب الزماں بٹ
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ آنے والے بجٹ میں ایسے اقدامات کیے جائیں جو کم آمدنی والے طبقات کو حقیقی ریلیف فراہم کر سکیں اور ٹیکس نظام میں مکمل انصاف کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس کا بوجھ صرف تنخواہ دار طبقے پر نہیں ڈالنا چاہیے بلکہ تمام شعبوں کو اپنی آمدن کے مطابق قومی خزانے میں حصہ ڈالنا چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی و گیس کے بھاری بل، مہنگا پٹرول، ناجائز لیویز، اشیائے خوردونوش پر ٹیکس، صحت و علاج کے بڑھتے اخراجات اور مسلسل مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقے کی زندگی مشکل بنا دی ہے ۔پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے کہا کہ حکومت نے رواں مالی سال میں مڈل کلاس اور تنخواہ دار طبقے سے 605 ارب روپے انکم ٹیکس وصول کیا، جس کے باعث یہ طبقہ شدید دباؤ کا شکار ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ماہانہ 1 لاکھ 25 ہزار روپے تک آمدن پر انکم ٹیکس مکمل ختم کیا جائے ، جبکہ اس سے زائد تنخواہوں پر ٹیکس کی شرح کم از کم نصف کی جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ سے زیادہ ٹیکس کی شرح 35 فیصد سے کم کر کے 15 فیصد کی جائے ۔