مون سون سے قبل نکاسی آب منصوبے مکمل کرنے کی ہدایت
ایم ڈی واسا نے انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینک کے منصوبے کا دورہ کیا ، کام کا جا ئزہ
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے شہر میں جاری اہم ترقیاتی سکیموں کو 30 جون تک مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ مون سون سیزن کے دوران شہریوں کو نکاسی آب کے مؤثر نظام سے ریلیف مل سکے ۔ایم ڈی واسا نے ڈی ایم ڈی انجینئرنگ شعیب ضیا کے ہمراہ شیخوپورہ روڈ پر کریسنٹ گراونڈ میں زیر تعمیر انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینک کے منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا۔انہوں نے بتایا کہ شہر بھر میں بارشوں کے پانی کے فوری اخراج کے لیے کریسنٹ سکول گراؤنڈ، ہاکی اسٹیڈیم مدینہ ٹاؤن، جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کے قریب اور نڑوالا روڈ پر پاکستان چوک میں انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینک تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ایم ڈی واسا کے مطابق ان منصوبوں کو 30 جون تک ہر صورت مکمل کیا جائے گا تاکہ آئندہ بارشوں کے دوران شہریوں کو نکاسی آب کے مسائل سے نمایاں ریلیف حاصل ہو سکے ۔