رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری فریم ورک کے خدوخال پرغور
نجی شعبے کی شمولیت سے کئی ماہ پر محیط مشاورتی عمل مکمل کیا گیا
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )صوبہ پنجاب میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو منظم اور شفاف بنانے کے لیے ریگولیٹری فریم ورک کے قیام کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ، جہاں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اور لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے ایک جامع مشاورتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔یہ اہم سیشن ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوا جس میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر، اکیڈیمیا، ماہرین ٹاؤن پلاننگ اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید، ڈی جی پیلرا کیپٹن راکرام الحق اور ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق سمیت اہم حکام شریک ہوئے ۔اجلاس میں رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری فریم ورک اور مجوزہ ریرہ ایکٹ کے خدوخال پر تفصیلی غور کیا گیا، جبکہ ڈویلپرز اور نمائندہ آباد کی جانب سے بھی اپنی تجاویز اور فیڈ بیک پیش کیا گیا۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ہاؤسنگ اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کی شمولیت سے کئی ماہ پر محیط مشاورتی عمل مکمل کیا گیا ہے ، جس کے بعد ایک یونیفارم ریگولیٹری سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے ۔