سکول مانیٹرنگ کے نظام کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ
انرولمنٹ کمپین کی مؤثر نگرانی کیلئے فیلڈ وزٹس میں اضافہ لازمی قرار
لاہور (خبر نگار)پنجاب بھر میں سکول مانیٹرنگ کے نظام کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ، جس کے تحت اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز کو واضح اور سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔انرولمنٹ کمپین 2026 کی مؤثر نگرانی کیلئے فیلڈ وزٹس میں اضافہ لازمی قرار دے دیا گیا ہے ۔محکمہ تعلیم نے ہدایت کی ہے کہ ہر اے ای او اپنے متعلقہ علاقے کے تمام سکولوں کا ماہانہ کم از کم دو مرتبہ دورہ یقینی بنائے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ کم مانیٹرنگ پر شدید تشویش پائی گئی ہے ، جس سے نہ صرف انرولمنٹ مہم بلکہ تعلیمی کارکردگی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ اس حوالے سے سکول وزٹس میں کمی پر متعلقہ افسران کو جوابدہ ٹھہرانے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے ۔مزید برآں اے ای اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وزٹس کی تعداد کیساتھ معیار کو بھی فوری بہتر بنائیں ۔