رنگ روڈ کو 30مئی تک ہرصورت مکمل کیا جائے، کمشنر
کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے، منصوبہ کا دورہ ،کام کا جائزہ لیا
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک نے راولپنڈی رنگ روڈ کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر، اسسٹنٹ کمشنر و ایف ڈبلیو او حکام نے منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔کمشنر نے تعمیراتی سرگرمیوں کی رفتار، معیار اور مقررہ ٹائم لائن پر عملدرآمد کا بغور معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبے کی 30مئی تک تکمیل یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ رنگ روڈ منصوبہ راولپنڈی کے ٹریفک مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو سفری سہولیات میں بہتری میسر آئے گی اور ٹریفک کے دباؤ میں واضح کمی آئے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کام کی مسلسل نگرانی کی جائے اور کسی بھی رکاوٹ کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ منصوبہ بروقت مکمل ہو سکے۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے کی اوور آل پراگریس 85%ہے۔ منصوبے کے تحت رنگ روڈ کے دونوں اطراف لاجسٹکس اور ایجوکیشن سینٹرز، ہیلتھ سٹی، ڈرائی پورٹ، بزنس سینٹرز، صنعتی زونز، ٹرانسپورٹ ٹرمینلز، ہول سیل مارکیٹس، تفریحی پارکس اور رہائشی کمیونٹیز کے قیام کی تجاویز زیرغور ہیں۔