انسداد پولیو مہم ،تیسرے روز مجموعی ہدف کا 91فیصد حاصل
4لاکھ 8ہزار 123بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے، جائزہ اجلاس
اسلام آباد، راولپنڈی (خصوصی رپورٹر، نیوز رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں جاری انسداد پولیو مہم کے تیسرے روز 4لاکھ 8ہزار 123بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے، جس کے بعد 4روزہ مہم میں مجموعی ہدف کا 91فیصد حاصل کر لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر عرفان میمن کی زیر صدارت مہم کی پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیلڈ ٹیموں کی مجموعی کارکردگی اور اہداف کے حصول کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پولیو ورکرز کی سکیورٹی صورتحال اور فیلڈ میں درپیش مسائل پر بھی غور کیا گیا۔ شرکا کو بتایا گیا کہ 3روز کے دوران رپورٹ ہونے والے انکاری کیسز کو کور کر لیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہر بچے تک پولیو ویکسین کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ادھر راولپنڈی میں جاری انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا۔ پولیو ٹیموں کی مجموعی کارکردگی، گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے عمل اور مقررہ اہداف کے حصول کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر خصوصی طور پر ہدایت کی گئی کہ کسی بھی علاقے میں کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہ جائے اور ہر یونین کونسل میں سو فیصد کوریج کو یقینی بنایا جائے۔