نجی سکولوں کی رجسٹریشن ، تجدیدی نظام میں تبدیلیاں متعارف
فیس سٹرکچر کی تفصیلات فراہم کرنا اور 10فیصد مستحق طلبہ کو داخلہ دینا لازمی قرار
لاہور(خبر نگار)پنجاب حکومت نے نجی سکولوں کی رجسٹریشن اور تجدید کے نظام میں بڑی تبدیلیاں متعارف کروا دیں جسکے تحت متعدد نئی شرائط عائد کرکے پورے عمل کو آن لائن کر دیا گیا ۔محکمہ تعلیم کے مطابق نجی سکولوں کیلئے فیس سٹرکچر کی مکمل تفصیلات فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ کم از کم 10 فیصد مستحق طلبہ کو داخلہ دینا بھی اب ہر سکول پر لازم ہوگا۔ مرکزی شاہراہوں پر واقع سکولوں کیلئے زیبرا کراسنگ اور واضح سائن بورڈز کی تنصیب بھی ضروری قرار دی گئی ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ سکول رجسٹریشن عمل میں شفافیت کیلئے اسے PEPRIS سسٹم کے تحت ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے جس سے رشوت اور اثر و رسوخ کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ سکیورٹی، صفائی اور بنیادی سہولیات بھی لازمی قرار،سکیورٹی کیمروں کی تنصیب اور اینٹی ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد بھی یقینی بنانا ہوگا۔