ننکانہ:دو ٹریفک حادثات، لڑکا جاں بحق ، 2 افراد زخمی
بچیانہ روڈ پر 13سالہ موٹرسائیکل سوار علی احمدبس کی ٹکر سے جان کی بازی ہارا
ننکانہ صاحب (خبر نگار )ننکانہ صاحب میں دو ٹریفک حادثات میں موٹر سائیکل سوار لڑکا جاں بحق ،بچے سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے ۔بچیانہ روڈ پر کوٹ سادھو رام سٹاپ کے قریب تیز رفتار بس کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں 13 سالہ علی احمد شدید زخمی ہوا۔ ریسکیو اہلکار اسے ہسپتال منتقل کر رہے تھے کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ریسکیو حکام نے ضروری کارروائی کے بعد لاش ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کر دی۔دریں اثناء شاہکوٹ کے علاقے ننکانہ روڈ پر برالہ سٹاپ کے قریب ویگو ڈالہ اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 33 سالہ مشہود اشرف اور 3 سالہ ثمامہ زخمی ہو گئے ۔ ریسکیو عملے نے دونوں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال شاہکوٹ منتقل کر دیا۔