ایکسائزدفتر میں طویل بجلی کی بندش ، دفتری امور شدیدمتاثر

ایکسائزدفتر میں طویل بجلی کی بندش ، دفتری امور شدیدمتاثر

گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن کے لیے آنے والے شہری مشکلات کا شکار

لاہور (خبر نگار)لاہور میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے علی کمپلیکس دفتر اور پراپرٹی ٹیکس آفس میں دو گھنٹے سے زائد بجلی کی بندش کے باعث دفتری امور شدید متاثر ہوئے ، جبکہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن کے لیے آنے والے شہری مشکلات کا شکار ہو گئے ۔عینی شاہدین کے مطابق بجلی کی طویل بندش کے باعث پورا دفتر اندھیرے میں ڈوبا رہا، جس کے نتیجے میں رجسٹریشن سمیت متعدد آن لائن اور دفتری خدمات معطل رہیں۔ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن کرانے کے لیے آنے والے متعدد سائلین اپنا کام کرائے بغیر ہی واپس لوٹ گئے ۔شہریوں نے انتظامیہ کے خلاف شدید شکایات کرتے ہوئے کہا کہ دفتر میں جنریٹر کی سہولت موجود ہونے کے باوجود اسے فعال نہیں کیا جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنریٹر میں ایندھن (پٹرول/ڈیزل) نہ ہونے کے باعث عملہ اور سائلین شدید گرمی اور اندھیرے میں بیٹھنے پر مجبور رہتے ہیں۔متاثرہ شہریوں کا کہنا تھا کہ بجلی کی بندش کے دوران جنریٹر چلانے کے بجائے بجلی بحال ہونے کا انتظار کیا جاتا ہے ، جس سے عوام کا قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے اور سرکاری خدمات متاثر ہوتی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...