ڈرائیونگ لائسنس سینٹرز پر شہریوں کیلئے سہولتوں کی ہدایت
ٹریفک افسران عوام کی خدمت کو اپنا اولین فرض سمجھیں :سٹی ٹریفک آفیسر
لاہور(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر ایس پی ہیڈکوارٹرز فخر بشیر راجہ نے ارفع کریم ڈرائیونگ لائسنسنگ سینٹر کا اچانک دورہ کیا اور لائسنس کے اجرا کے مختلف مراحل، شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ایس پی ہیڈکوارٹرز نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے آنے والے شہریوں سے براہِ راست ملاقات کی ۔ انہوں نے شہریوں کے بیٹھنے کے لیے اضافی کرسیاں فراہم کرنے اور پینے کے لیے ٹھنڈے پانی کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔ سی ٹی او لاہور نے کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے لیے دوٹوک پالیسی اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسے عناصر کو صرف معطل نہیں بلکہ ملازمت سے برخاست کیا جائے گا۔ایس پی ہیڈکوارٹرز نے تمام ڈرائیونگ لائسنسنگ سینٹرز میں خواتین، بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کرنے ، ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے والے تمام شہریوں کی ٹیسٹنگ ویڈیوز محفوظ رکھنے اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے پبلک ہیلپ نمبرز نمایاں طور پر آویزاں کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک افسران عوام کی خدمت کو اپنا اولین فرض سمجھیں اور شہریوں کے لیے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کرنے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments