سکولز :غیر قانونی بھرتیوں ، افسروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
سی ای او ایجوکیشن لاہور کو احکامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت
لاہور(عاطف پرویز سے )سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سال 2022-23 کی کلاس فور بھرتیوں سے متعلق پروب رپورٹ پر عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ قانونی بھرتیوں کو برقرار رکھنے جبکہ غیر قانونی بھرتیوں اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ نے 151 قانونی قرار دیے گئے کلاس فور ملازمین کے کنٹریکٹ قانون اور پالیسی کے مطابق توسیع دینے کی ہدایت جاری کی ہے ۔رپورٹ کے مطابق 209 غیر قانونی بھرتی ہونے والے کلاس فور ملازمین کی ملازمتیں ختم کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کا حکم دیا گیا ہے ۔غیر قانونی بھرتیوں میں مبینہ طور پر ملوث 69 افسران کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ متعلقہ افسران کا گریڈ، تعیناتی کی تفصیلات، ریٹائرمنٹ کی تاریخ اور رابطہ نمبر فوری طلب کر لیے گئے ہیں۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ ذمہ دار افسران کے خلاف پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کو احکامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ بھرتیوں میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments