پیشہ ور گداگروں کی بھر مار، شہری اور تاجر پریشان

پیشہ ور گداگروں کی بھر مار، شہری اور تاجر پریشان

شہر کے بازار، چوک، ٹریفک سگنلز اور تجارتی مراکز پر بھکاریوں نے ڈیرے ڈال لئے ،خریداری کیلئے آنیوالی خواتین کو بھی مشکلات

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)پنجاب حکومت کی انسدادِ گداگری مہم کے باوجود سرگودھا شہر کے بازار، چوک، ٹریفک سگنلز اور تجارتی مراکز پیشہ ور گداگروں کی آماجگاہ بن گئے ہیں، جس کے باعث شہریوں، خواتین، تاجروں اور خریداروں کو روزانہ ہراسانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔حکومتی سطح پر پیشہ ور گداگروں کے خلاف کارروائیوں اور انسدادِ گداگری مہم کے اعلانات کے باوجود شہر میں گداگروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ مصروف بازاروں، شاپنگ پلازوں، جنرل بس اسٹینڈ، ریلوے اسٹیشن، کچہری، ہسپتالوں، درباروں، ٹریفک سگنلز اور اہم چوراہوں پر پیشہ ور گداگروں کی موجودگی شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہی ہے ۔خریداری کے لیے آنے والی خواتین کا کہنا ہے کہ بعض گداگر مسلسل ان کا پیچھا کرتے ہیں اور رقم نہ دینے پر بددعائیں دینے یا بدتمیزی کرنے لگتے ہیں، جس سے بازاروں میں خریداری کرنا دشوار ہو جاتا ہے ۔ شہریوں کے مطابق کئی گداگر بچوں کو گود میں اٹھائے یا معذوری ظاہر کرکے ہمدردی حاصل کرتے ہیں، جبکہ بعض منظم گروہوں کی صورت میں مختلف علاقوں میں سرگرم نظر آتے ہیں۔تاجروں کا کہنا ہے کہ پیشہ ور گداگروں کی موجودگی سے کاروباری ماحول متاثر ہو رہا ہے اور بیرونِ شہر سے آنے والے خریداروں پر بھی منفی تاثر پڑتا ہے ۔ ان کے مطابق بعض گداگر دکانوں کے سامنے مستقل بیٹھ جاتے ہیں اور گاہکوں کو بھی پریشان کرتے ہیں۔شہریوں کا کہنا کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے وقتی کارروائیاں تو کرتے ہیں، تاہم چند روز بعد یہی گداگر دوبارہ سڑکوں اور بازاروں میں نظر آنے لگتے ہیں۔ پیشہ ور گداگروں کے خلاف مستقل بنیادوں پر مؤثر کریک ڈاؤن کیا جائے ، جبکہ حقیقی مستحق افراد کی فلاح و بہبود کیلئے جامع حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ عوام کو ہراسانی سے نجات مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...