جدید ای بائیک رینٹل سروس منصوبہ شروع نہ ہوسکا
عوام کی پبلک ٹرانسپورٹ سٹیشنز تک آسان رسائی کامنصوبہ چھ ماہ بعد بھی زیرالتوا
لاہور( سٹاف رپورٹر سے )لاہور میں شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ سٹیشنز تک آسان اور کم لاگت رسائی دینے کیلئے جدید ای بائیک رینٹل سروس متعارف کرانے کا اعلان کیا گیاگیا مگر چھ ماہ گزرنے کے باوجود منصوبہ شروع نہ ہو سکا۔محکمہ ہاؤسنگ کے تحت پہلے مرحلے میں شہر کے مختلف علاقوں میں 10 ہزار ای بائیکس فراہم کی جانی تھیں جبکہ ان کیلئے 300 ڈاکنگ اور چارجنگ سٹیشنز قائم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھاجسکا مقصد طلبہ، ملازمین اور عام شہریوں کو مختصر فاصلے کے سفر کیلئے سستی اور آسان سفری سہولت فراہم کرنا تھا۔اعلان کے مطابق شہری موبائل ایپ کے ذریعے چند سیکنڈز میں قریبی سٹیشن سے ای بائیک لے سکتے تھے تاہم منصوبہ تاحال موبائل ایپ کی تیاری تک بھی نہ پہنچ سکا۔10 ہزار ای بائیکس کی رینٹل سروس کیلئے نہ ٹینڈر جاری ہو سکے اور نہ ہی عملی خریداری یا فراہمی کا مرحلہ شروع ہوا۔ 300 ڈاکنگ و چارجنگ سٹیشنز کیلئے جگہوں کا انتخاب بھی نہ ہو سکا۔پی ایچ اے کو ان سٹیشنز کیلئے مختلف مقامات پر جگہ فراہم کرنا تھی لیکن منصوبے میں پیشرفت نہ ہونے پر یہ معاملہ بھی آگے نہ بڑھ سکا۔ حکومت نے اس منصوبے کو گرین موبلٹی کے فروغ، ٹریفک دباؤ میں کمی، ایندھن اخراجات کم کرنے اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کی جانب اہم قدم قرار دیا تھا۔10 ہزار ای بائیکس کے ذریعے سالانہ ہزاروں ٹن کاربن اخراج میں کمی کا ہدف بھی مقرر کیا گیا تھا لیکن منصوبہ شروع نہ ہونے پریہ ماحولیاتی فوائد حاصل نہ ہو سکے ۔محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق ڈاکنگ سٹیشنز کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے ، ای بائیک رینٹل سروس کیلئے وزیراعلیٰ سے منظوری کا عمل بھی جاری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments