سکولوں کے طلبہ کو گلوبل سٹیزن شپ مضمون پڑھانے کافیصلہ
سو نمبر مختص کرنیکی تجویز، چہارم سے ہشتم جماعت تک متعارف کرانے کا امکان
لاہور (خبر نگار)پنجاب کے سکولوں میں طلبہ کو عالمی شہریت، بین الاقوامی ذمہ داریوں اور فرائض سے آگاہ کرنے کیلئے گلوبل سٹیزن شپ کا الگ مضمون شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مضمون کیلئے سو نمبر مختص کرنے کی تجویز جبکہ اسے چہارم سے ہشتم جماعت تک متعارف کرائے جانے کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق پنجاب ایجوکیشن، کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا)نے گلوبل سٹیزن شپ کا مضمون متعارف کروانے کیلئے یونیسف سے مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے ۔ مضمون کی تیاری اور چھپائی سمیت متعلقہ اخراجات کیلئے تمام فنڈنگ یونیسف کی جانب سے فراہم کیے جانے کی تجویز ہے ۔محکمہ تعلیم کے مطابق اس وقت عالمی شہریت سے متعلق بنیادی معلومات صرف چوتھی جماعت کے نصاب میں شامل ہیں تاہم طلبہ کو عالمی برادری، بین الاقوامی اقدار، ذمہ داریوں اور فرائض بارے آگاہی کیلئے الگ مضمون متعارف کرایا جائیگا۔ گلوبل سٹیزن شپ کا مضمون آئندہ تعلیمی سال 2027-28 سے سکولوں میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments