نیلا گنبد ،ناصر باغ پارکنگ پلازے بروقت فعال نہ ہونیکا امکان

نیلا گنبد ،ناصر باغ پارکنگ پلازے بروقت فعال نہ ہونیکا امکان

تعمیراتی کام کیلئے مزید 15روز درکار ،فائر ہائیڈرنٹس، پارکنگ سسٹم تنصیب بھی باقی

لاہور(شیخ زین العابدین )لاہور میں پارکنگ مسائل حل کیلئے دو زیرِ زمین پارکنگ پلازوں کی تکمیل مقررہ ڈیڈ لائن پر ہونے سے متعلق سوالات اٹھنے لگے ۔نیلا گنبد اور ناصر باغ میں زیرِ تعمیر دونوں پارکنگ پلازوں کو 30 اکتوبر تک مکمل کرکے فعال کرنے کا ہدف مقرر ہے تاہم ڈیڈ لائن قریب آنے کے باوجود تعمیراتی کام کیساتھ جدید پارکنگ سسٹم اور آپریشنل انتظامات بھی مکمل نہ ہو سکے ۔ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے کی ذیلی ایجنسی ٹیپا کے زیرِ انتظام دونوں منصوبوں کو مکمل کرنے کیلئے مزید 15 روز درکار ہونگے ، 15 نومبر تک تکمیل کا امکان ہے ۔منصوبوں میں جدید پارکنگ سسٹم تنصیب بھی اہم مرحلہ ہے جسکے بعض پرزے بیرونِ ملک سے آنے ہیں۔ پارکنگ پلازوں کو چلانے کیلئے تاحال کسی آؤٹ سورس کمپنی سے معاہدہ بھی نہیں ہو سکا جبکہ آپریشنز کیلئے ایس او پیز بھی تیار نہیں ہوسکے ۔ لائٹنگ اور فائر ہائیڈرنٹس کو فعال کرنے کے علاوہ داخلی وخارجی راستوں پر بیریئرز کی تنصیب کا کام بھی باقی ہے ۔دوسری جانب ٹیپا انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ دونوں منصوبے مقررہ ڈیڈ لائن کے مطابق مکمل کرکے فعال کر دئیے جائینگے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...