شہرمیں ترقیاتی منصوبوں سے ٹریفک کا نظام درہم برہم، سٹرکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں معمول
مختلف مقامات پر سڑکوں کے درمیان رکاوٹیں اور ڈیوائیڈر لگا کر ٹریفک کو دو حصوں میں تقسیم کرنے سے دباؤ مزید بڑھ رہا ، متبادل راستوں پر مناسب انتظامات کرکے اہم مقامات پرٹریفک اہلکاروں کی تعیناتی یقینی بنائی جائے :شہری
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) شہر میں میٹرو بس سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کے باعث متعدد شاہراہیں بند ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے ۔ مختلف سڑکوں پر جاری تعمیراتی کام کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنے کا سلسلہ معمول بن گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے میٹرو بس منصوبے سمیت متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ ان منصوبوں کے باعث شہر کی اہم شاہراہوں، چوکوں اور دیگر مقامات پر تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔جڑانوالہ روڈ، جھنگ روڈ، اسٹیٹ بینک روڈ، راجباہ روڈ اور جی ٹی ایس روڈ سمیت متعدد اہم شاہراہوں پر تعمیراتی کام کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔
مختلف مقامات پر سڑکوں کے درمیان رکاوٹیں اور ڈیوائیڈر لگا کر ٹریفک کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے ، جس سے ٹریفک کا دباؤ بڑھ رہا ہے ۔ شہریوں کے مطابق دن بھر مختلف شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہتی ہیں، جس سے نہ صرف وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ روزمرہ معمولات بھی متاثر ہوتے ہیں۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر غفلت اور غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے ۔ ترقیاتی منصوبوں کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے ، متبادل راستوں پر مناسب انتظامات کرنے اور اہم مقامات پرٹریفک اہلکاروں کی تعیناتی یقینی بنائی جائے تاکہ ٹریفک کو منظم اور محفوظ بنا کر شہریوں کی مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments