پاکستان عوامی تحریک کا پنجاب میں بلدیاتی کنونشنز کا آغاز
بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں سنٹرل،جنوبی اور شمالی پنجاب میں رابطہ مہم تیز
لاہور (سیاسی نمائندہ)پاکستان عوامی تحریک نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں بلدیاتی کنونشنز کا آغاز کر دیا ۔ سینٹرل، جنوبی اور شمالی پنجاب میں تنظیمی سرگرمیوں کو وسعت دیتے ہوئے رابطہ مہم تیز کردی ، یوسی سطح پر امیدواروں کی نامزدگی اور انتخابی تیاریوں کیلئے ضلعی تنظیموں کو بھی متحرک کر دیا گیا۔ شیڈول کے مطابق 8 نومبر کو لاہور، 15 نومبر کو ملتان، 20 نومبر کو بہاولپور اور 22 نومبر کو راولپنڈی میں عوامی بلدیاتی کنونشنز ہونگے ۔ مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنما خطاب جبکہ پارٹی عہدیداران، بلدیاتی ا لیکشن لڑنے کے خواہشمند امیدوار اور کارکنان شرکت کرینگے ۔
چیچہ وطنی میں بلدیاتی کنونشن میں مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود سینئر نائب صدر عوامی تحریک لاہور عارف چودھری ،منشا السلام و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی اور خطاب کیا۔ مقامی انتخابی صورتحال، تنظیمی امور اور یوسی سطح پر عوامی رابطہ مہم بارے مشاورت کی گئی۔ راجہ زاہد محمود نے خطاب کرتے کہا بااختیار اور جواب دہ بلدیاتی اداروں کا قیام عوامی مسائل کے حل کیلئے ناگزیر ہے ۔ تعلیم، صحت، صاف پانی، صفائی اور نکاسی آب جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی مؤثر مقامی حکومتوں کے ذریعے ہی ممکن ہے ۔ بلدیاتی انتخابات جمہوری نظام کی بنیاد ہیں، جو عوام کو اپنی مقامی قیادت منتخب کرنے اور مسائل کے حل میں براہِ راست کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ عوامی تحریک مسائل کے حل، عوام کی آواز متعلقہ فورمز تک پہنچانے اور حقیقی عوامی نمائندگی کیلئے کردار ادا کرتی رہے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments