عید گاہ گوہر پیر محمود بوٹی میں 74 ویں افکارِ رضا سیمینار کا انعقاد
کائنات میں نسبتِ رسول ؐ کی حامل ہر چیز کو بلند و بالا مقام حاصل :ڈاکٹر اشرف جلالی
لاہور(سٹاف رپورٹر )تحریک لبیک یا رسول اللہ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام عید گاہ گوہر پیر محمود بوٹی لاہور میں 74 ویں افکارِ رضا سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ کے سربراہ و تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے نسبت رسول ؐ کا ادب کے موضوع پر تحقیقی مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کائنات میں نسبتِ رسول ؐ کی حامل ہر چیز کو بلند و بالا مقام حاصل ہے ۔ ایمان کا تقاضا ہے کہ رسول اکرم ؐکی ہر نسبت کا ادب کیا جائے ۔ ہم آبائے رسولؐ، ازواجِ رسول ؐ، اولادِ رسول ؐ اور اصحابِ رسول ؐ سب کا ادب و احترام کرنیوالے ہیں۔
اصحابِ رسول ؐ سے نبی کریم ؐکے استعمال شدہ جُبّے ، قمیص، تہہ بند اور چادر کا ادب و احترام اور ان سے تبرک حاصل کرنا صحیح احادیث سے ثابت ہے ۔ تعظیم رسول ؐسے مسلمان میں اطاعتِ رسول ؐ کا جذبہ ابھرتا ہے ۔ سیمینار کی صدارت حضرت پیر سید عبد الشکور شاہ نے کی اور مفتی ارشاد احمد جلالی مہمان خصوصی تھے ۔ جامع مسجد رضائے رسول ؐکے خطیب علامہ قاری صفدر جلالی نے انتظامات کیے۔ سیمینار میں مفتی حذیفہ جلالی، مفتی نسیم سیالوی، ڈاکٹر فیاض فرقانی جلالی، علامہ صدیق مصحفی جلالی، مولانا شاہد رشید جلالی، مولانا عادل جلالی، مولانا جمیل بیگ جلالی و دیگرعلما نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments