مرکزی جمعیت اہلحدیث سٹی کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن

مرکزی جمعیت اہلحدیث سٹی کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن

پٹرول،بجلی نرخ کم، مہنگائی پر قابو پا کرعوام کو ریلیف دیا جائے :حافظ عبد الکریم

لاہور (سیاسی نمائندہ)مرکزی جمعیت اہلحدیث کے امیر سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبد الکریم نے پاک سعودی عرب دفاعی معاہدے کی حمایت کرتے کہا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کا کردار نہایت اہم رہا ہے ، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے عالمی کردار سے ملکی وقار میں اضافہ ہوا ہے ۔ امریکا اور ایران کی جنگ میں پاکستان نے ثالثی اور مثبت کردار ادا کیا، آرمی چیف کے اقدامات کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ دفاعی معاہدہ امت مسلمہ کے اتحاد کی بنیاد بن سکتا ہے اور اگر اسلامی ممالک کا اتحاد قائم ہوگیا تو اس سے امت اور مسلمان مضبوط ہونگے ۔

مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے محافظین میں شامل ہونا پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے ، جسکا کریڈٹ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کو جاتا ہے ، پاکستان حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جمعیت اہلحدیث سٹی لاہور کے عہدیداران کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن سے خطاب اور بعد ازاں پریس کانفرنس میں کیا۔ حافظ عبد الکریم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی پر قابو پا کر عوام کو ریلیف دیا جائے اور وزیراعظم پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کریں۔ بانی پی ٹی آئی سے متعلق انہوں نے کہا کہ بانی عدالتی فیصلے کے تحت جیل میں ہیں تاہم انہیں قانون کے تحت حاصل تمام حقوق دینے چاہئیں۔حافظ عبد الکریم نے اعلان کیا 15 نومبر کو مینار پاکستان میں استحکام پاکستان کے موضوع پر آل پاکستان اہلحدیث کانفرنس ہوگی۔ 

انہوں نے کہا کہ بعض لوگوں نے ملک میں دفاعی معاہدے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کرائے کے فوجی مکہ مکرمہ کا دفاع کریں گے ۔ فوج کو کرائے کے فوجی کہنا پاک فوج کی توہین ہے ، ایسے بیان کی مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دفاعی معاہدہ پاکستان کے لیے اعزاز ہے اور اس پر حکومت کے مؤقف کی حمایت کرتے ہیں۔

خیبر پختونخوا کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ عبد الکریم نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ کی حمایت کرتی ہے ۔ پی ٹی آئی کے ساتھ صلح اور مذاکرات کی کوششیں بھی کی گئیں، مسلح جتھے کے منصوبے کے حوالے سے مذاکرات ہوئے اور مطالبات بھی مان لیے گئے تھے ، لیکن اس کے باوجود عدم استحکام پیدا ہوتا رہا اور اسلام آباد پر چڑھائی سے ملک کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مجبوری میں ایمرجنسی نافذ کی۔ اگر سہیل آفریدی اسلام آباد پر مسلح چڑھائی نہ کرتے تو بات چیت کے ذریعے معاملہ حل ہوسکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں اور ملکی استحکام کے لیے پارلیمنٹ کو مؤثر بنانا ضروری ہے ۔ رانا ثناء اللہ نے بھی کہا ہے کہ حالات ٹھیک ہوجائیں گے ۔ حافظ عبد الکریم نے کہا کہ حالات جیسے بھی ہوں، کمپنی یہی چلے گی۔

سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن بڑے سیاسی رہنما اور قابل احترام شخصیت ہیں۔ انہیں بات کرنے پر عبور حاصل ہے اور ان کی زبان نہیں پھسلتی۔ انہوں نے کہا کہ جوہر ٹاؤن کا ایک مولوی وی لاگ کرتا ہے اور کبھی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، کبھی پاک فوج اور کبھی ترک صدر رجب طیب اردوان پر تنقید کرتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...