بھاٹی گیٹ انڈر گراؤنڈ پارکنگ پلازہ کی منظوری نہ مل سکی
30 فٹ اراضی ایکوائر ،پلازہ، پیڈیسٹرین زون کیلئے مزید 16کنال اراضی لینے کا فیصلہ
لاہور(سٹاف رپورٹر سے )بھاٹی گیٹ کے قریب مجوزہ انڈر گراؤنڈ پارکنگ پلازہ کی تعمیر کیلئے ٹیپا نے منصوبے کا پی سی ون تیار کرکے پنجاب حکومت کو ارسال کر رکھا ہے تاہم تاحال منصوبے کو حتمی منظوری نہیں مل سکی۔ٹیپا، محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور پنجاب حکومت کی منظوری نہ ہونے سے منصوبہ عملی مرحلے میں داخل نہیں ہوسکا۔ مالی سال 2026-27 کے صوبائی بجٹ میں بھی پارکنگ پلازہ کی تعمیر کے لیے مکمل فنڈز مختص نہیں کیے گئے ۔بھاٹی گیٹ کربلا گامے شاہ کے سامنے مجوزہ پلازہ کی تعمیر کیلئے اراضی کا حصول بھی ایک بڑا مرحلہ ہے۔
ٹیپا اس سڑک پر پہلے ہی 30 فٹ اراضی ایکوائر کرچکا ہے، تاہم پارکنگ پلازہ اور پیڈیسٹرین زون کی تعمیر کیلئے مزید 16 کنال زمین حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔منصوبے کیلئے سڑک کے فرنٹ پر قائم تمام دکانوں کو مسمار کرنا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے ۔ اراضی حصول اور مالی وسائل کی عدم دستیابی سے منصوبہ تاخیر کا شکار ہے ۔ٹیپا کے مطابق منصوبے کی منظوری اور فنڈز کیلئے پنجاب حکومت سے رجوع کیا جاچکا ہے ۔ حکومتی منظوری کے بعد سپلیمنٹری گرانٹ کے ذریعے مطلوبہ فنڈز حاصل کیے جانے ہیں۔پراجیکٹ ڈائریکٹر ٹیپا کے مطابق حکومت سے منظوری اور فنڈز اجرا کے بعد دکانوں کی مسماری کا عمل شروع کیا جائے گا، جسکے بعد تعمیراتی سرگرمیوں کی راہ ہموار ہوسکے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments