قائمہ کمیٹی میٹنگ، ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز بل پر منظور

 قائمہ کمیٹی میٹنگ، ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز بل پر منظور

لائسنس لینا لازمی،فحش، غیر اخلاقی ، ہتک آمیز مواد پرمشتمل پرفارمنسز کی ممانعت ہوگی

لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی میں قائمہ کمیٹی اطلاعات و ثقافت کی میٹنگ رکن اسمبلی حبیب الرحمٰن خان کی زیرِ صدارت ہوئی۔ ارکان اسمبلی کے علاوہ پنجاب اسمبلی اور متعلقہ سرکاری افسروں نے شرکت کی۔پنجاب ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز بل 2026 پیش کیا گیا، جسکی متفقہ منظوری دیدی گئی۔ بل کا مقصد پنجاب میں ڈرامائی اور تھیٹر کی سرگرمیوں کو منظم کرنے کیلئے جامع قانونی و انتظامی نظام متعارف کروانا ہے ۔ اس ضمن میں نوآبادیاتی دور کے 1876ء کے ڈرامیٹک پرفارمنسز ایکٹ کی جگہ نیا قانونی فریم ورک متعارف کروایا جا رہا ہے جس پر عملدرآمد کی ذمہ داری محکمہ اطلاعات و ثقافت اور پنجاب کونسل آف دی آرٹس کی ہوگی۔

بل کے تحت تمام تھیٹر اور پرفارمنس کے مقامات کیلئے حکومتی لائسنس لینا لازمی ہوگا، فنکاروں اور عملے کے تمام ارکان کی رجسٹریشن بھی ضروری ہوگی۔ ہر ڈرامے کا سکرپٹ پرفارمنس سے کم از کم 15 روز قبل سکرپٹ ریویو کمیٹی سے منظور کرانا ہوگا۔ باقاعدہ پرفارمنس سے قبل مکمل لباس اور تیاری کیساتھ ہونیوالی ریہرسل کی منظوری بھی سنسرکمیٹی سے حاصل کرنا لازم ہوگی۔بل کے تحت فحش، غیر اخلاقی اور ہتک آمیز مواد پر مشتمل پرفارمنسز کی ممانعت ہوگی ہر پرفارمنس کو متعلقہ آرٹس کونسل میں براہِ راست نشر کرنا اور اسکی ریکارڈنگ محفوظ کرنا بھی لازمی ہوگا،قانون کی خلاف ورزی پر جرمانے ، لائسنس منسوخی اور تھیٹر یا متعلقہ مقام کو سیل کرنے کی کارروائی ہو سکے گی۔ فوجداری نوعیت کے جرائم پر چھ ماہ تک قید، جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکیں گی۔ جبکہ ایسے مقدمات کی سماعت مجسٹریٹ کی عدالت میں مختصر طریقۂ کار کے تحت ہوگی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...