ڈبل ڈیکر اور الیکٹرک بسوں کیلئے موزوں روٹس کو حتمی شکل دینے کی ہدایت

ڈبل ڈیکر اور الیکٹرک بسوں کیلئے موزوں روٹس کو حتمی شکل دینے کی ہدایت

روٹس کے تعین میں اہم شاہراہوں، تجارتی مراکز، تعلیمی اداروں، رہائشی علاقوں کو خاص طور پر مدنظر رکھاجائے ،شرجیل میمن تاج حیدر پل کے دوسرے حصے کا تعمیراتی کام جلد مکمل کیا جائے ،سینئر وزیر،یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن کا یو ٹرن کھولنے کا بھی فیصلہ

کراچی(سٹی ڈیسک)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے حالیہ ماہ کراچی پہنچنے والی ڈبل ڈیکر اور ای وی بسوں کے لیے موزوں روٹس کو حتمی شکل دینے ، روٹس کے تعین میں اہم شاہراہوں، تجارتی مراکز، تعلیمی اداروں، رہائشی علاقوں کو خاص طور پر مدنظر رکھنے کی ہدایات دی ہیں۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اہم اجلاس کراچی میں ہوا۔ اجلاس میں حالیہ ماہ کراچی پہنچنے والی ڈبل ڈیکر بسوں اور ای وی بسوں کے روٹس کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی زبیر چنہ، پی ڈی یلو لائن کمال دایو اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں نئی آنے والی ڈبل ڈیکر، ای وی بسز کے لئے روٹس، انتظامات سمیت دیگر امور، ریڈ لائن، یلو لائن بی آر ٹی کے تعمیراتی کام اور گرین لائن کے آپریشنز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ امید ہے کہ حالیہ ماہ مزید ڈبل ڈیکر اور ای وی بسوں کی کھیپ کراچی پہنچ جائے گی، انہوں نے ہدایت دی کہ ڈبل ڈیکر اور الیکٹرک بسوں کے آپریشن کے لیے روٹس، چارجنگ اسٹیشنز، ڈپو، بس اسٹاپس اور دیگر تکنیکی و انتظامی انتظامات کو حتمی شکل دی جائے اور آپریشنز اور سروسز سمیت تمام متعلقہ امور کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ بسوں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ ان کے روٹس اور آپریشنل نظام کو بھی مؤثر بنانا ضروری ہے ، کوشش کی جائے کہ ڈبل ڈیکر اور الیکٹرک بسیں شہر کے ان علاقوں تک پہنچیں جہاں شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کی زیادہ ضرورت ہے ۔ اجلاس میں یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن بی آر ٹی کا یو ٹرن کھولنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ہدایت دی کہ یو ٹرن کھول کر شہریوں کو سفری سہولت فراہم کی جائے ، ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے غیر معمولی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے یلو لائن بی آر ٹی کے ڈیپو ون اور ڈیپو ٹو کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تاج حیدر پل کے دوسرے حصے کا تعمیراتی کام بھی جلد مکمل کیا جائے ، تمام متعلقہ حکام تعمیراتی کاموں کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کریں ۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں جدید اور مؤثر پبلک ٹرانسپورٹ کی فراہمی سندھ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...