ترک زبان کا کورس مکمل، 29شرکا میں سرٹیفکیٹس تقسیم
کورس جی سی ڈبلیو یو ایف کے طلبہ، فیکلٹی ممبران ، ملازمین کی شرکت
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد (جی سی ڈبلیو یو ایف) میں ترک زبان کا کورس کامیابی سے مکمل کرنے والے طلبہ، فیکلٹی ممبران اور یونیورسٹی ملازمین میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب اور ایبرو آرٹ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ترکیہ کے قونصل جنرل مہمت ایمن شمشیک نے بطور مہمان خصوصی جبکہ لیڈی ملتم شمشیک نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی۔ تقریب کا اہتمام ویمن ڈویلپمنٹ اینڈ مینٹورنگ سینٹر نے یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ پاکستان کے اشتراک سے کیا۔ اس موقع پر یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر ایرن میاس اوغلو، دیگر معزز مہمانوں اور پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار نے آن لائن شرکت کی۔ ترک زبان کے کورس کے پہلے بیچ میں مجموعی طور پر 29 افراد شامل تھے ، جن میں طالبات، فیکلٹی ممبران اور یونیورسٹی ملازمین شامل تھے ۔ تقریب کے دوران ایک طالبہ نے ترک زبان میں تقریر بھی کی، جسے شرکاء نے خوب سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے قونصل جنرل مہمت ایمن شمشیک نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ زبان اور ثقافت دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ترک زبان سیکھنے سے طالبات کو ترکیہ کی ثقافت سمجھنے اور مستقبل میں تعلیمی مواقع سے استفادہ کرنے میں مدد ملے گی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے کہا کہ ترک زبان کے کورس کا آغاز ایک بیج کی مانند تھا، جو اب کامیابی سے پروان چڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے کورس کے اگلے مرحلے میں لیول ٹو شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس سے شرکاء اپنی زبان دانی کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنا سکیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments