سیف سٹی منصوبہ اہم سرمایہ کاری، شہریوں کو سڑکوں پر تحفظ بھی ملنا چاہئے ، وزیراعلیٰ

سیف سٹی منصوبہ اہم سرمایہ کاری، شہریوں کو سڑکوں پر تحفظ بھی ملنا چاہئے ، وزیراعلیٰ

سندھ سیف سٹیز اتھارٹی کو کراچی کیلئے منصوبے کی عملی استعداد مزید مضبوط بنانے کی ہدایت ، پراجیکٹ کی حقیقی کامیابی کا پیمانہ عوام کااعتمادہوگا،مرادعلی شاہ پہلے مرحلے میں 300 پول سائٹس اور 1300 کیمرے نصب، آپریشن و دیکھ بھال کیلئے 18 کروڑ سے زائد منظور، آغاز یکم جنوری 2027 سے ہوگا،بریفنگ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ سیف سٹیز اتھارٹی (ایس ایس سی اے )کو کراچی سیف سٹی منصوبے کی عملی استعداد مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جدید نگرانی کی ٹیکنالوجی کو شہریوں کیلئے محفوظ سڑکوں، مؤثر پولیسنگ اور بہتر تحفظ میں تبدیل ہونا چاہیے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے منگل کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں سندھ سیف سٹیز اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے منصوبے کی پیش رفت، انتظامی امور، مالی ضروریات، ادارہ جاتی استحکام اور جنوری سے اکتوبر 2026 کے دوران کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار، چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ، سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، انسپکٹر جنرل پولیس جاوید عالم اوڈھو، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف عباس، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نجم شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سیف سٹی منصوبہ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ میں ایک اہم سرمایہ کاری ہے اور اس کے بنیادی ڈھانچے سے عوام کو ٹھوس نتائج ملنے چاہئیں۔ انہوں نے اتھارٹی کو کیمروں، مواصلاتی نیٹ ورکس، کنٹرول رومز اور نگرانی کی دیگر سہولتوں کی بلا تعطل فعالیت اور پیشہ ورانہ دیکھ بھال یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ سندھ سیف سٹی اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سرفراز شیخ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قومی ریڈیو و ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) کی جانب سے نصب کیے گئے پہلے مرحلے میں 300 پول سائٹس اور 1,300 کیمرے شامل ہیں جنہیں 18 پوائنٹس آف پریزنس (پی او پیز)، ایک ڈیٹا سینٹر اور ایک نیٹ ورک آپریشنز سینٹر کی معاونت حاصل ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے 18 کروڑ 97 لاکھ 50 ہزار روپے کی لاگت سے چھ ماہ کے لیے نظرثانی شدہ آپریشن اور مین ٹیننس کی تجویز پر غور کے بعد اس کی منظوری دی۔ اس مد میں اسپیئر پارٹس اور آپٹیکل فائبر کے اخراجات سمیت مجموعی سالانہ مالی حد 21 کروڑ 30 لاکھ 30 ہزار روپے مقرر کی گئی ۔ منصوبے کا آغاز یکم جنوری 2027 سے ہوگا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے زور دیا کہ معاہدے میں شفافیت، مالی نظم و ضبط اور کارکردگی کی قابلِ پیمائش شرائط یقینی بنائی جائیں، مقررہ اخراجات میں کوئی اضافہ نہ ہو، خدمات کی ماہانہ بنیادوں پر تصدیق کی جائے اور طے شدہ معیار پورا نہ کرنے کی صورت میں ادائیگیوں سے کٹوتی کی جائے ۔

آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ اس نظام کی مدد سے 2026 کے ابتدائی دس ماہ کے دوران 1,631 گاڑیوں کا سراغ لگا کر انہیں متعلقہ افراد کے حوالے کیا گیا۔ 84 مطلوب افراد کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کیا گیا اور تفتیشی اداروں کو ڈیجیٹل شواہد کے 642 کیسز میں معاونت فراہم کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے نتائج کو سراہتے ہوئے پولیس اور سیف سٹیز اتھارٹی کو باہمی رابطے مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ کراچی سیف سٹی منصوبے کو محض ایک بنیادی ڈھانچے کے منصوبے تک محدود رہنے کے بجائے مکمل طور پر فعال عوامی تحفظ اور قانون نافذ کرنے والے نظام میں تبدیل ہونا چاہیے ۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو زیر التوا فیصلوں پر بروقت عملدرآمد، سندھ پولیس کے ساتھ رابطوں کو مضبوط بنانے اور آپریشنل کارکردگی کے اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...