تیز روشن لائٹس والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
شہریوں گاڑیوں سے اضافی اور غیر قانونی لائٹس فوری ہٹا دیں :ایس پی پٹرولنگ
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) پنجاب ہائی وے پٹرول فیصل آباد ریجن نے گاڑیوں پر غیر قانونی اور اضافی تیز روشن لائٹس کے استعمال کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے ۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات کے اندراج، چالان اور گاڑیاں قبضہ پولیس میں لینے کی کارروائی کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق ایس پی پٹرولنگ پولیس فیصل آباد ریجن محمد طارق ملک نے سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑیوں پر نصب غیر قانونی، انتہائی تیز روشنی والی ایچ ڈی اور فلیشر لائٹس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ بڑی اور چھوٹی کمرشل و نجی گاڑیوں، رکشوں اور موٹر سائیکلوں پر غیر قانونی اور رنگ برنگی لائٹس کے استعمال کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ غیر قانونی اور خطرناک لائٹس سامنے سے آنے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی بینائی متاثر کرتی ہیں، جس سے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔ انہوں نے شہریوں، ٹرانسپورٹرز اور موٹر سائیکل سواروں سے اپیل کی کہ اپنی گاڑیوں سے اضافی اور غیر قانونی لائٹس فوری طور پر ہٹا دیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی یقینی بنائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments