مزدوروں کے ماہانہ فنڈز غائب ہونے کا انکشاف
ای او بی آئی افسروں اور ملازمین کی ملی بھگت کے باعث فنڈز سرکاری اکاؤنٹس میں جمع نہیں کروائے جارہے :ذرائع
فیصل آباد (عبدالباسط سے ) پرائیویٹ فیکٹریوں، انڈسٹریز، ملز، کارخانوں اور دیگر کاروباری مراکز میں کام کرنیوالے لاکھوں مزدوروں اور ملازمین کے ماہانہ ای او بی آئی فنڈز سرکاری اکاؤنٹس میں جمع نہ کروانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ محکمہ ای او بی آئی کے بعض افسروں اور ملازمین پر مبینہ طور پر صنعتی اداروں کے مالکان سے ملی بھگت کرکے ورکرز کے حقوق متاثر کرنے اور مالکان کو ریلیف فراہم کرنے کے الزامات سامنے آنے لگے ہیں۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں ایک محتاط اندازے کے تحت 30ہزار سے زائد چھوٹے بڑے صنعتی و کاروباری یونٹس قائم ہیں، جن میں لاکھوں مزدور اور ملازمین کام کرتے ہیں۔ ان ورکرز کو پنشن، میرج، ایجوکیشن، ہیلتھ، گریجویٹی اور ڈیتھ گرانٹ سمیت مختلف مالی مراعات فراہم کرنے کی ذمہ داری محکمہ ای او بی آئی پر عائد ہوتی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض صنعتی اداروں کے مالکان اپنے ملازمین کی ماہانہ کنٹری بیوشن سرکاری اکاؤنٹس میں جمع کروانے سے مبینہ طور پر گریز کرتے ہیں، جبکہ متعلقہ افسران انہیں پابند بنانے کے بجائے مبینہ طور پر نذرانوں کے عوض ریلیف فراہم کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بعض فیکٹریوں اور ملز میں کام کرنیوالے ملازمین کی اصل تعداد کے بجائے کم تعداد ای او بی آئی کے ریکارڈ میں درج کروائی جاتی ہے ، جس کے نتیجے میں صرف ظاہر کیے گئے ورکرز کے فنڈز جمع ہوتے ہیں،
جبکہ دیگر ملازمین کے ماہانہ فنڈز سرکاری نظام میں جمع نہیں ہوپاتے ۔ اس صورتحال کے باعث متاثرہ مزدور مستقبل میں پنشن اور دیگر مالی مراعات کے حصول سے محروم رہنے کے خدشات سے دوچار ہیں۔ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ بعض اداروں کے مالکان اور متعلقہ افسران کی مبینہ ملی بھگت سے مالی فوائد مخصوص افراد تک محدود رہ جاتے ہیں، جبکہ محنت کش طبقہ اپنے قانونی حقوق سے محروم رہتا ہے ۔ متاثرہ ورکرز کی جانب سے متعدد مرتبہ متعلقہ حکام کو شکایات بھی درج کروائی گئیں، تاہم تاحال صورتحال میں بہتری نہ آنے پر تشویش پائی جاتی ہے ۔پرائیویٹ صنعتی اداروں میں کام کرنیوالے مزدوروں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ای او بی آئی کے ریکارڈ کا شفاف آڈٹ کروایا جائے ، ملازمین کی اصل تعداد کی تصدیق کی جائے اور ماہانہ کنٹری بیوشن باقاعدگی سے سرکاری اکاؤنٹس میں جمع کروانے کیلئے اداروں کے مالکان کو پابند بنایا جائے ۔ ساتھ ہی مبینہ بے ضابطگیوں میں ملوث افسران کے خلاف بھی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ محنت کشوں کو ان کے قانونی حقوق مل سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments