سولر نیٹ میٹرنگ پر پابندی عائد ‘ زیر التوا کیسز فریز
پاور ڈویژن کے نئے احکامات پر پابندی کا فیصلہ ، جلد نیا لائحہ عمل تیار کیا جائیگا
ملتان (خصوصی رپورٹر)میپکو انتظامیہ نے نیٹ میٹرنگ پر اچانک پابندی عائد کر دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق جنرل منیجر ٹیکنیکل کی جانب سے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جس کے بعد سولر نیٹ میٹرنگ کے تمام زیرِ التواء (انڈر پراسیس) کیسز کو بھی فریز کر دیا گیا ہے ۔ بتایا جا رہا ہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے نیٹ میٹرنگ پالیسی میں تبدیلی پر غور کیا جا رہا ہے ، جس کے باعث یہ اقدام اٹھایا گیا۔اچانک پابندی کے باعث سینکڑوں درخواست گزار متاثر ہو گئے ہیں۔ متاثرین نے میپکو انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے زیرِ التواء کیسز مکمل کئے جائیں اور نیٹ میٹرنگ کی سہولت فراہم کی جائے ، کیونکہ جب درخواستیں جمع کرائی گئیں اس وقت کوئی پابندی عائد نہیں تھی۔اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر میپکو حکام کا کہنا تھا کہ پاور ڈویژن کی جانب سے نئے احکامات کا انتظار کیا جا رہا ہے ، احکامات موصول ہونے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔