خاتون کا نقاب کھینچنے پر بھارتی وزیر اعلیٰ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
نقاب زبردستی کھینچنا انسانی وقار پر حملہ، سیاسی و سماجی رہنماؤں کی شدید مذمت
وہاڑی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی، سٹی رپورٹر) بھارتی صوبہ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے خاتون کا زبردستی نقاب کھینچنے کے واقعہ کے خلاف ضلع وہاڑی میں شدید احتجاج کیا گیا۔ میونسپل کمیٹی وہاڑی سے مذمتی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ممبر صوبائی اسمبلی میاں ثاقب خورشید نے کی۔ریلی میں سیاسی، سماجی رہنماؤں، علماء، تاجروں، مسیحی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ایم پی اے میاں ثاقب خورشید نے کہا کہ خاتون کا حجاب یا نقاب کھینچنا اس کے وقار اور مذہبی شناخت پر براہ راست حملہ ہے جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیکولر ریاست کہلانے والا بھارت اس واقعہ سے دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم خاتون کی بے توقیری پر پوری امت مسلمہ متحد ہے اور کسی بھی خاتون کی تذلیل برداشت نہیں کی جا سکتی۔ شرکاء نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے واقعہ کا نوٹس لینے اور بھارتی وزیراعلیٰ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔سی او بلدیہ راؤ نعیم خالد، صدر انجمن تاجران طاہر شریف گجر، جنرل سیکرٹری راؤ خلیل احمد، علماء اکرام اور مسیحی رہنماؤں نے بھی واقعہ کی شدید مذمت کی۔ ریلی میں ایم این اے تہمینہ دولتانہ کے نمائندے ناصر دولتانہ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے ۔