لودھراں کے میگا ترقیاتی منصوبوں کی فوری تکمیل کا مطالبہ
آواز فورم کا انڈر پاس، فلائی اوورز، میڈیکل کالج ، ٹول فری سہولت پر زور
لودھراں (سٹی رپورٹر)لودھراں کی آواز فورم کالودھراں کے میگا منصوبوں کی تکمیل کا مطالبہ ۔تفصیل کے مطابق لودھراں کی چاروں بڑی تنظیموں مرکزی انجمن تاجران، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن، انجمن آڑھتیان غلہ منڈی اور لودھراں پریس کلب کا گزشتہ روز اجلاس ہوا جس میں صدر ڈسٹرکٹ بار ملک اللہ نواز محسن چنڑ،صدر مرکزی انجمن تاجران ملک اصغر ارائیں ،صدر انجمن آڑھتیان غلہ منڈی جام محمد اظہر،صدر لودھراں پریس کلب ودیگر نے شرکت کی ۔اجلاس میں متعدد اہم اور میگا ترقیاتی منصوبوں کی ضرورت پر زور دیا گیا جن میں لودھراں پٹھان والا ریلوے انڈر پاس کی تعمیر، جلالپور موڑ ریلوے پھاٹک پر فلائی اوور،میلاد چوک پر فلائی اوور، لودھراں میں میڈیکل کالج کا قیام اور لودھراں کے عوام کے لیے ٹول پلازہ فری جیسے مطالبات شامل ہیں۔لودھراں کی آواز فورم کی جانب سے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ لودھراں کے لیے اعلان کردہ مجوزہ اور زیرِ التوا میگا منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔
تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں، معیاری صحت اور اعلیٰ تعلیم کی سہولتیں میسر آ سکیں۔فورم سے وابستہ نمائندوں کا کہنا ہے کہ لودھراں جنوبی پنجاب کا ایک اہم ضلع ہے ، تاہم ٹریفک مسائل، طبی سہولتوں کی کمی اور بنیادی انفراسٹرکچر کی عدم دستیابی کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ منصوبوں کی تکمیل سے کاروباری، تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔