انجمن تاجران ٹمبر مارکیٹ وفد کی چیئرمین خواجہ شفیق سے ملاقات
ملتان (لیڈی رپورٹر) مرکزی انجمن تاجران ٹمبر مارکیٹ ملتان کے وفد نے صدر مہر محمد شاکر کی قیادت میں چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق سے ملاقات کی۔ وفد میں قمر زمان خان وزیر، چودھری سرور اور مرزا اصغر شامل تھے۔
ملاقات کے دوران ملکی معاشی صورتحال، تاجر تنظیموں کی مجموعی کارکردگی، تاجر برادری کو درپیش مسائل اور بالخصوص ٹمبر مارکیٹ کو لاحق مشکلات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔خواجہ محمد شفیق نے کہا کہ ملک بھر کے تاجروں کو اس وقت شدید معاشی دباؤ، مہنگائی اور غیر یقینی پالیسیوں کا سامنا ہے ۔ حکومت کو چاہیے کہ تاجر دوست پالیسیاں متعارف کرائے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ٹمبر مارکیٹ کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جائے گا۔م اختتام پر وفد نے خواجہ محمد شفیق کی اہلیہ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا، فاتحہ خوانی کی اور مرحومہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔