ڈیرہ:پولیس مقابلے ، تین اشتہاری زخمی حالت میں گرفتار

ڈیرہ:پولیس مقابلے ، تین اشتہاری زخمی حالت میں گرفتار

پکڑے جانیوالوں میں علی احمد،نوید شینہ اور عرفان شامل، موٹرسائیکل بھی برآمد

ڈیرہ غازیخان (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈیرہ غازیخان پولیس نے ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں کرتے ہوئے تھانہ گدائی اور تھانہ سٹی کی حدود میں دو الگ الگ مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران خطرناک، ریکارڈ یافتہ اور اشتہاری ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔پہلا مبینہ پولیس مقابلہ تھانہ گدائی کی حدود چِٹ روڈ ریلوے پھاٹک کے قریب ہوا،اطلاع ملی کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ڈاکوؤں نے شہری سے موٹر سائیکل چھین لی ہے ۔ پولیس نے فوری ناکہا بندی کی تو ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں موقع پر گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزموں کی شناخت علی احمد اور نوید عرف شینہ کے نام سے ہوئی اور پولیس نے موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی،دو فرار ملزموں کی تلاش جاری ہے ۔ تھانہ سٹی کی حدود میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر 61 سنگین مقدمات میں مطلوب ریکارڈ یافتہ اشتہاری ملزم محمد عرفان سکنہ قصور کو گھیر لیا، ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے فائرنگ کی، تاہم پولیس کی مؤثر کارروائی میں وہ زخمی ہوکر گرفتار ہو گیا۔ زخمی ملزم کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں