3روزہ جشنِ جون ایلیا اختتام پذیر، ادب و محبت کی گونج

3روزہ جشنِ جون ایلیا اختتام پذیر، ادب و محبت کی گونج

ادبی میلے کا اہتمام شاعر عباس تابش نے پنجاب کونسل آف آرٹس کے اشتراک سے کیا

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)فیصل آباد میں تین روزہ جشنِ جون ایلیا عشق، ادب، فکر اور محبتیں سمیٹ کر اختتام پذیر ہوگیا۔ عظیم شاعر، فلسفی اور دانشور جون ایلیا کی یاد میں فیصل آباد آرٹس کونسل کے نصرت فتح علی خان آڈیٹوریم میں منعقدہ ادبی میلے کا اہتمام معروف شاعر عباس تابش نے پنجاب کونسل آف آرٹس کے اشتراک سے کیا۔ افتتاحی روز کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر اصغر ندیم سید، افتخار عارف، حماد غزنوی، عباس تابش، ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چودھری، وائس چانسلر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی خاں، انٹرلوپ کے ہمایوں سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ شرکاء نے شاعری کے بے تاج بادشاہ سید حسین سبط اصغر نقوی المعروف جون ایلیا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ فیصل آباد میں اس نوعیت کی ادبی و ثقافتی تقریبات کا انعقاد ناگزیر ہے ، ڈویژنل انتظامیہ مختلف اداروں کے ساتھ مل کر ثقافت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

جشنِ جون ایلیا کے دوران جون ایلیا کی شاعری، فکر اور فکری ورثے پر مبنی علمی مباحثے ، ادبی مذاکرے اور شاندار مشاعرے منعقد کیے گئے ، جن میں شہر اور گرد و نواح سے ہزاروں ادب دوست افراد، طلبہ اور شاعری کے شائقین نے شرکت کی اور پروگراموں سے خوب محظوظ ہوئے ۔تقریبات میں معروف رائٹر و بینکر ظفر مسعود، حماد غزنوی، افتخار عارف، ڈاکٹر انعام الحق جاوید اور معروف فنکار منور سعید سمیت دیگر ممتاز شعرا و ادبا نے شرکت کی اور جون ایلیا کی یاد میں اپنی شاعری اور خیالات پیش کیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں