چکن کے نرخ بے قابو، ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی
برائلر گو ست کی قیمت 620 روپر کلو تک پہنچ گئی ،ریٹ لسٹ اور منڈی ریٹ میں تضاد ختم نہ ہوا ،انتظامی افسر نذرانے لے کر کارروائی کرنے سے گریزاں
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور دیگر متعلقہ اداروں کی غفلت اور مبینہ لاپرواہی سے چکن کی قیمتیں کنٹرول سے باہر نکل گئیں۔ چکن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے مرغی کا گوشت عام آدمی کی پہنچ سے باہر نکل گیا۔ مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں ناجائز منافع خوروں کی جانب سے کئے گئے ہوشربا اضافے سے عام آدمی مشکلات کا شکار بن گیا جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور ناجائز منافع خوروں کو لگام ڈالنے کی بجائے مبینہ طور پر خاموشی اختیار کرلی گئی۔
ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں ناجائز منافع خوروں کی جانب سے چکن کی قیمتوں میں مبینہ طور پر ہوشربا اضافہ کر دیا گیا۔ گزشتہ ایک سے ڈیڑھ ماہ کے دوران چکن کی قیمتوں میں تقریبا 150سے 200 روپے فی کلو تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ قیمتوں میں اضافے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ شہریوں کی جانب سے متعلقہ حکام کو متعدد بار شکایات کا اندراج کروائے جانے کے باوجود بھی ناجائز منافع خوروں کو لگام ڈالنے کی بجائے حکام کی جانب سے مبینہ طور پر خاموشی اختیار کر لی گئی ہے ۔ جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ناجائز منافع خوروں کی جانب سے قیمتوں میں اضافہ کرکے شہریوں کی جیبوں پر ڈاکے ڈالے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ناجائز منافع خوروں کیخلاف کاروائیاں کرنے کی بجائے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیموں کے اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طور پر ان سے نذرانے وصول کرتے ہوئے خاموشی اختیار کر لی جاتی ہے ۔ جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولٹری فارمز کے مالکان اور دکانداروں کی جانب سے ملی بھگت کرتے ہوئے قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کرکے اپنی جیبیں تو بھری جا رہی ہیں لیکن شہریوں کے مسائل میں اضافہ کیا جا رہا ہے ۔ ایسی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے بروقت کارروائیاں نہ کرنے سے حالات مزید خراب ہو رہے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیاہے کہ قیمتوں میں اضافے کا سبب بننے والے افراد کیخلاف کارروائیاں عمل میں لانے کے ساتھ قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کم ہوسکیں۔
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں دوبارہ اضافہ ہونے لگا مرغی کے گوشت کی قیمت 620 روپے فی کلو سے تجاوز کرگئی مارکیٹ کمیٹی کی جاری کردہ ریٹ لسٹ اور منڈی ریٹ میں تضاد ختم نہ ہونے کے باعث ریٹ لسٹ پر عملدرآمد بھی نہ ہوسکا۔برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں ایک بار پھر سے اضافہ ہونا شروع ہوچکا ہے دکانوں پر برائلر مرغی کا فی کلو گوشت 620 روپے اور صافی گوشت یعنی 1 ہزار گرام پورا 670 روپے فی کلو تک جاپہنچا ہے ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نہیں ہورہا جس کی سب سے بڑی وجہ منڈی کی قیمت اور ریٹ لسٹ میں بڑا تضاد ہے گزشتہ روز ریٹ لسٹ پر گوشت کی قیمت 591 روپے فی کلو تھی جبکہ منڈی ریٹ 17600 روپے فی من یعنی 440 روپے فی کلو زندہ تھا اور ریٹ لسٹ پر زندہ کی قیمت 408 روپے فی کلو تھی یعنی 32 روپے فی کلو کا فرق تھا فی من زندہ مرغی میں سے 24 کلو کی اوسط سے گوشت نکلتا ہے جس کی قیمت 733 روپے فی کلو بنتی ہے ریٹ لسٹ پر 591 روپے درج تھا دکانداروں کا کہنا تھا کہ ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت ممکن نہیں دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ جب ریٹ لسٹ پر عملدرآمد ہی نہیں کروایا جاسکتا تو ریٹ لسٹ جاری کیوں کی جاتی ہے۔