کمشنر فیصل آباد کا نوٹس، عوامی مقامات پر تمباکو نوشی، کھلے عام سگریٹ بیچنے کیخلاف کارروائی کا حکم

کمشنر فیصل آباد کا نوٹس، عوامی مقامات پر تمباکو نوشی، کھلے عام سگریٹ بیچنے کیخلاف کارروائی کا حکم

روزنامہ دنیا کی نشاندہی کے بعد اہم اجلاس طلب ، فیصل آباد ڈویژن کو تمباکو سے پاک ڈویژن بنانے کی ہدایت ، امپورٹڈ و کھلے سگریٹ فروخت کرنے والوں پر بھاری جرمانے لگانے کی ہدایت

فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے )روزنامہ دنیا کی جانب سے انسدادِ تمباکو نوشی قوانین پر عدم عملدرآمد کی نشاندہی کے بعد کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے سخت نوٹس لیتے ہوئے اہم اجلاس طلب کیا جس کی صدارت ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضیٰ نے کی۔ ڈپٹی کمشنرز، ریجنل پولیس آفس فیصل آباد، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، پنجاب فوڈ اتھارٹی کے نمائندگان اور ڈویژنل کوآرڈینیٹر برائے تمباکو نوشی نے شرکت کی، جبکہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز، پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ڈی جی ہیلتھ آفس لاہور نے آن لائن شرکت کی۔

ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انسدادِ تمباکو نوشی قوانین پر عملدرآمد تیز کرنے اور فیصل آباد ڈویژن کو تمباکو سے پاک ڈویژن بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات پر تمباکو نوشی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ، کھلے سگریٹ کی فروخت کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے ، 18 سال سے کم عمر افراد کو سگریٹ فروخت کرنے ، تعلیمی اداروں کے 50 میٹر کے دائرے میں سگریٹ بیچنے ، امپورٹڈ و کھلے سگریٹ فروخت کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں۔ شیشہ اور دیگر تمباکو نوشی مصنوعات کی فروخت و استعمال پر بھی زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے 33 ہزار سے زائد غیر قانونی سگریٹ ضبط کیے جبکہ شیشہ کے استعمال پر 30 سے زائد ایف آئی آر درج کی گئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں