نشتر ہسپتال نجکاری کی خبریں، پیپلزپارٹی کا شدید ردعمل

نشتر ہسپتال نجکاری کی خبریں، پیپلزپارٹی کا شدید ردعمل

نسیم حسین لابر کا حکومت سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ، احتجاج کی وارننگ

ملتان (لیڈی رپورٹر)پیپلزپارٹی ملتان سٹی کے صدر ملک نسیم حسین لابر نے نشتر ہسپتال و میڈیکل یونیورسٹی کو پرائیویٹ کرنے کی خبروں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے میڈیا بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت وقت کا وسیب کے سب سے بڑے طبی مرکز کو نجکاری کی طرف لے جانا ایک ظالمانہ اور عوام دشمن فیصلہ ہے ۔ نشتر ہسپتال و میڈیکل یونیورسٹی پاکستان کا واحد سرکاری طبی ادارہ ہے جہاں نہ صرف سرائیکی وسیب بلکہ چاروں صوبوں سے عوام علاج معالجہ کیلئے آتی ہے ، ادارے کی نجکاری کا مطلب غریب عوام سے سستی طبی سہولت چھیننا ہے۔

حکومت کو چاہیے کہ نجکاری کے بجائے نشتر ہسپتال و میڈیکل یونیورسٹی کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور جدید سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ عوام کو مزید ریلیف مل سکے ۔انہوں نے واضح کیا کہ پیپلزپارٹی نشتر ہسپتال و میڈیکل یونیورسٹی کی نجکاری کے فیصلے کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ یہ فیصلہ فوری واپس لیا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں