دھند،سردی کا زور برقرار،گرم ملبوسات کی مانگ بڑھ گئی
ٹریفک کی روانی سست رہی اور شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا
وہاڑی (خبرنگار)وہاڑی میں گردو نواح میں شدید سردی اور دھند کا سلسلہ چوتھے روز بھی برقرار رہا۔ آج طویل وقفے کے بعد سورج تو نکلا تاہم سردی میں کوئی نمایاں کمی نہیں ہوئی۔ صبح کے اوقات میں دھند کی وجہ سے حد نگاہ بری طرح متاثر رہی جس سے ٹریفک کی روانی سست رہی اور شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تھنڈی ہواؤں کی وجہ سے سردی کی لہر برقرار ہے ، جس کے باعث بزرگوں، بچوں اور مریضوں کو زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
شہری گرم کپڑوں، رضائیوں اور ہیٹرز کا استعمال کر رہے ہیں جبکہ بازاروں میں گرم ملبوسات اور گرم مشروبات کی مانگ میں اضافہ دیکھا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک صبح اور رات کے اوقات میں سردی اور دھند برقرار رہنے کا امکان ہے ، اس لیے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔